بنگلورو،8؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاست میں کورونا وائرس کے معاملے میں کمی کے پیش نظر اسکول دوبارہ کھولنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔اس سلسلہ میں مکلانڈے۔شالے کڑے (بچوں کے قدم، اسکول کی طرف) مہم کمیٹی کی طرف سے ایک تفصیلی مکتوب ریاستی وزیر تعلیم کو روانہ کیا گیا ہے۔ریاست میں 15دسمبر سے اسکول دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ اگر ریاستی حکومت نے 15دسمبر سے ریاست میں اسکول دوبارہ شروع کئے تو 16 دسمبر کو کمیٹی کی طرف سے اسکول کھولے جائیں گے اور بچوں کی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ مکتوب میں وزیر تعلیم کو بتایاگیاہے کہ مارچ2020 کے آخر میں ریاست میں جب کورونا وائرس کے سلسلے میں لاک ڈاؤن کیا گیا، ریاست کے تمام اسکول اور تعلیمی مراکز بند کردئے گئے۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ریاست میں دیگر سرگرمیاں بتدریج شروع ہوگئی ہیں۔لیکن ریاست میں کورونا وائرس کے معاملوں میں کمی کے باوجود ریاستی حکومت نے اسکول دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ریاست میں ایس ایس ایل سی اور پی یو سی کے امتحانات کامیاب کے ساتھ منعقد کئے گئے۔لیکن لاک ڈاؤن ختم ہونے کے 6ماہ بعد بھی حکومت نے اسکول شروع کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔حکومت کے اس رویہ کی وجہ سے طلبہ کو نقصان ہورہا ہے۔آن لائن تعلیم سے دیہی علاقوں کے طلبہ کی تعلیم پر اثر پڑرہا ہے۔